سینیٹ میں تمام انتخابات بیک وقت کرانے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملک میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے تمام انتخابات بیک وقت کرانے کی قرارداد پیش کی گئی، قراردادسینیٹر طاہر بزنجو نے پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز کرائے جائیں، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، تمام انتخابات بیک وقت ہونے ضروری ہیں۔
قرارداد کی منظوری کےخلاف اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، اور اپوزیشن اراکین نے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، اور شدید نعرے بازی کی۔
اپوزیشن لیڈر نے منظور قرارداد مسترد کردی
اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف کے سینیٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ ایوان میں ڈاکا ڈالا گیا ہے، پنجاب الیکشن سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہونا چاہئے، لیکن حکومت مسلسل توہین عدالت میں لگی ہوئی ہے، حکمرانوں نےعدلیہ پر حملہ کیا اب پارلیمنٹ کی اینٹ سے اینٹ بجا رہے ہیں۔
شہزادوسیم کا قرارداد دوبارہ پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینیٹ میں منظور قرارداد مسترد کرتے ہیں، ہم واک آؤٹ پر تھےانہوں نے قرارداد منظورکرلی۔
سینیٹ کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ ایکٹ 2010 میں مزید ترمیم کا بل 2022 بھی منظور کرلیا گیا۔ بل سینیٹر سیمی ایزدی نے پیش کیا۔