مصنوعی ذہانت جتنی بھی فائدہ مند کیوں نہ ثابت ہو لیکن اس کے منفی پہلو آئے روز نت نئے خدشات پیدا کرتے رہتے ہیں کہ یہ کس طرح لوگوں کی سائبر سیکیورٹی پراثرانداز ہوسکتا ہے۔
حالیہ تحقیق کے مطابق صارفین کی جانب سے عام طور پر استعمال ہونے والے پاس ورڈ خطرے میں پڑ سکتے ہیں کیونکہ مصنوعی ذہانت انہیں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں توڑ سکتی ہے۔
ہوم سیکیورٹی ہیروز کی حالیہ تحقیق کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے عام طور پر استعمال ہونے والے 50 فیصد سے زائد پاس ورڈز کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں توڑا جا سکتا ہے۔ اس مطالعے میں پاسگن نامی مصنوعی ذہانت کے پاس ورڈ کریکر کا استعمال کرتے ہوئے 15,680,000 پاس ورڈز کی ایک فہرست کی جانچ کی گئی، جس سے پتہ چلا کہ تقریبا 51 فیصد عام پاس ورڈ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں توڑے جاسکتے ہیں جبکہ 65 فیصد پاس ورڈ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں جانے جاسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایک ماہ کے اندر 81 فیصد پاس ورڈز کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔
اگرچہ مصنوعی ذہانت واقعی ایک منٹ سے بھی کم وقت میں آپکے پاس ورڈ کا اندازہ لگا سکتی ہے ، لیکن یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب آپ چھوٹے، آسان اور عام پاس ورڈ استعمال کررہے ہوں۔ مثال کے طور پر، آپ کا فون نمبر، تاریخ پیدائش، وغیرہ. دوسری طرف ایسے پاس ورڈ جو حروف اور علامتوں کا مرکب ہیں اور 18 حروف تک طویل ہیں، ان کا پتہ لگانے میں زیادہ وقت لگے گا۔
تحقیق کے مطابق 18 یا اس سے زیادہ حروف والے پاس ورڈ عام طور پر اے آئی پاس ورڈ کریکر سے محفوظ ہوتے ہیں۔ اس لمبائی کے پاس ورڈ جن میں صرف نمبر تھے انہیں توڑنے میں کم از کم 10 ماہ لگے جبکہ علامتوں ، نمبروں ، اوپری اور نچلے حروف کے امتزاج پر مشتمل پاس ورڈ سب سے زیادہ محفوظ ہیں کیونکہ انہیں توڑنے میں 6 سال تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
اپنا پاس ورڈ محفوظ بنانے کے لیے آسان اور عام پاس ورڈ سے گریز کریں ، خاص طور پر وہ جن میں صرف اعداد ہیں۔ مثال کے طور پرایسے پاس ورڈ کا انتخاب کرنا چاہیے جو لمبائی میں کم از کم 15 حروف پرمشتمل اور حروف ، علامتوں ، نمبروں ، اور کیپیٹل اورسمال انگریزی حروف تہجی کا مرکب ہوں۔ اگر آپ کو اس قسم کے پاس ورڈ کو یاد رکھنے میں تشویش ہے تو اس مقصد کیلئے پاس ورڈ مینیجر کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مطالعے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی کے پاس ورڈ میں کم از کم دو حروف ( کیپیٹل اینڈ سمال)، نمبر اور علامتیں ہونی چاہئیں۔ یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ مشق کے طور پر تین یا چھ ماہ تک پاس ورڈ تبدیل کرتے رہیں۔
سب سے اہم بات یہ آخر میں ، کسی کو اپنے تمام اکاؤنٹس کے لئے ایک ہی پاس ورڈ استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ اقدام کافی خطرناک ہے۔