پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سیاسی درجہ حرارت صبح سے ہی گرم رہا کیونکہ پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کیے جانے کی اطلاعات تھی، اسی لئے تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک، اسد قیصر سمیت دیگر مقامی رہنما اور کارکنان ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت کے باہر جمع ہوئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کا راہداری ریمانڈ منظور کیا۔ جس کے بعد علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا اور وفاقی دارالحکومت کی پولیس انھیں اپنے ہمراہ لے کر روانہ ہوگئی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اشتہاری قرار
یہ بات بھی اہم ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان علی امین گنڈا پور کے انتظار میں کھڑے رہے جبکہ پولیس نے عدالت کے دوسرے دروازے سے سابق وزیر کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈہ پور گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوگئے
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے سینئر وکلاء کی ٹیم بھی ڈی آئی خان پہنچی۔ ڈیرہ اسما عیل خان میں راستے بند ہونے کے پیش نظر ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا تھا۔