اہلیہ علیزا سلطان پر تشدد کے الزامات کے بعد سے تنازعات میں گھرے اداکار فیروز خان کو منیب بٹ، ایمن خان اور منال خان کے بعد اب اداکارہ اشنا شاہ نے بھی معاف کردیا۔
اشنا شاہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں فیروز اور اپنے جم انسٹرکٹر کے ہمراہ تصویر اور ایک حدیث نبویﷺ کا ترجمہ بھی شیئر کیا کہ ’رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جس کا اول رحمت ہے، درمیان بخشش اور اس کے آخر میں جہنم سے نجات ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے‘۔
اداکارہ نے ایک اور اسٹوری میں مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کے کیس کو فیروز خان کے معاملے سے جوڑتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی جس میں کسی کو اس قدر ہراساں کیا جائے کہ وہ خود کو ہی نقصان پہنچا دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب میں سے جس جس نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کو ان کی زندگی میں یہ جانتے ہوئے کہ وہ تکلیف میں ہیں، انہیں معاف نہیں کیا تو اِن کا خون اُن کے سر ہے، اس احساس جرم کو ختم تو نہیں کرسکتی لیکن اس سے سیکھ ضرور سکتی ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جب کسی عورت پر ظلم ہوتا ہے تو یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم اس سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس وقت تک اس کے ساتھ کھڑے رہیں جب تک اسے انصاف نہ مل جائے اور اس پر ظلم کرنے والے مرد کو اس بات کا احساس نہ ہوجائے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیں یہ حق حاصل ہوجائے کہ ہم خود ہی اس مرد کو سزا دیں۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ کسی کو بھی ہراساں کرنے کی کسی بھی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی اور اداکار فیروز خان کے معاملے میں انہیں زبردستی ملوث کیا گیا۔
دوسری جانب فیروزخان نے اشنا شاہ کی انسٹا اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے ایک آیت شیئر کی جس کا ترجمہ یہ ہے کہ ’بےشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے‘۔