Aaj Logo

شائع 07 اپريل 2023 10:29pm

نواز شریف کا چیف جسٹس پر پی ٹی آئی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا الزام، مستعفی ہونے کا مطالبہ

سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال پر پی ٹی آئی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کردیا۔

اپنی ایک ٹویٹ میں نواز شریف نے کہا کہ عدالتیں قوموں کو بحرانوں سے نکالتی ہیں نہ کہ بحرانوں میں دھکیلتی ہیں۔

انہوں نے پنجاب میں الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے تناظر میں لکھا کہ چیف جسٹس نے نہ جانے کون سا اختیار استعمال کر کے اکثریتی فیصلے پر اقلیتی رائے مسلط کردی۔

سابق وزیراعظم نے چیف جسٹس سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے منصب اور آئین کی توہین کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والا چیف جسٹس مزید تباہی کرنے کے بجائے فی الفور مستعفی ہوجائے۔

دوسری جانب چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے بھی چیف جسٹس پاکستان سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے عمران کخان اور پی ٹی آئی کی حمایت کے لئے آئین و قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، اختیارات کے ذغلط استمعال نے سپریم کورٹ میں بغاوت جیسی غیر معمولی صورتحال کو جنم دیا جب کہ نامور ججز نے چیف جسٹس کے طرز عمل اور تعصب پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آج تک کسی چیف جسٹس پر اس قسم کے مِس کنڈکٹ کے الزامات نہیں لگے، چیف جسٹس کا پی ٹی آئی کی جانب نمایاں جھکاؤ نمایاں ہے، لہٰذا چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

Read Comments