اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو مقدمات کی تفصیلات آنے تک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کی گرفتاری سے روک دیا۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ آئندہ سماعت تک مراد سعید کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ فریقین کوبلا کر پوچھ لیتے ہیں، مناسب احکامات جاری کریں گے۔
عدالت نے پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔
مراد سعید کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کی تفتیش کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، درخواست پر فیصلہ آنے تک مراد سعید کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا درخواست میں سیکورٹی کی استدعا کی ہے؟ اس پر مراد سعید کے وکیل نے جواب دیا کہ جی ہم نے سیکیورٹی کی استدعا بھی کی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ اس پر ہم مناسب احکامات جاری کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمات کی تفصیلات آنے تک مراد سعید کی گرفتاری سے پولیس کو روک دیا۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی