پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران انجری کا شکار ہونے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی صحتیابی کے لئے پیغام جاری کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہو گئے تھے۔
کین ولیمسن لیگ چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہو گئے تھے جہاں ان کا مکمل چیک اپ ہوا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین ولیمسن کے دائیں گھٹنے کا آپریشن ہو گا، آپریشن کے بعد ان کے ری ہیب کے لئے اتنا وقت لگے گا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ کین ولیمسن بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے قبل مکمل فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
ایسی صورتحال میں کیوی کپتان کی جلد صحتیابی کے لئے بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے لئے پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’کین ولیمسن آپ جلد صحتیاب ہوکر بہترین واپسی کریں‘۔
واضح رہے کہ رواں ماہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیلنی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 15 اور 17 اپریل کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔
چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد پانچ میچز کی ون ڈے سیریز شروع ہوگی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27 اور 29 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
تیسرا، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔