سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شنوارسک میں آپریشن کرکے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شنوارسک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکارو اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چراغ سمیت 8 دہشت گردوں مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
انٹر سروز پبلک ریلیشنز کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں راولپنڈی کے 31 سالہ سپاہی حامد رسول بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، جب کہ دو افسران سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔