کراچی کےعلاقے کیماڑی سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر کے 14سالہ بیٹے امیرحمزہ پنجری نے ورلڈ اسکالرکپ میں سات عالمی ایوارڈ اپنے نام کرکے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
ملک میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے، جو اپنی خداد صلاحیتوں محنت اورلگن سے دنیا میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں، لیکن 14 سالہ محمد حمزہ بھی ایسے نوجوانوں میں شامل ہیں۔
حمزہ نے آذربائیجان میں منعقدہ ورلڈ اسکالرکپ میں رائٹنگ اور ڈیبیٹ میں 4 سونے اور3 چاندی کے تمغے جیت کر پاکستان کا نام روشن کرکے اپنے والدین سرفخرسے بلند کردیا۔
حمزہ کا کہنا ہے کہ محنت اور لگن کے ساتھ والدین کی حوصلہ افزائی نے مجھے اس مقام پر پہنچایا، جبکہ امیرحمزہ کے والد محمد عارف پیشے کے لحاظ سے ماہی گیر ہیں اور بیٹے کی کامیابی پر ان کے خوشی سے آنسو نکل آئے۔
حمزہ پہلی دفعہ بیرون ملک کے سفر پر جانے کیلئے تیار نہیں تھے، تو والد نے ان کے بھائی کو بھی ساتھ بھیجا تاکہ حمزہ کی ہمت وحوصلہ برقرار رہے۔