اسلام آباد کا خوبصورت مقام شاہ اللّٰہ دتہ قدرتی حسن اور ہزاروں سال پرانی تاریخ اپنے آپ میں سمیٹے ہوئے ہے۔
دنیا کے خوبصورت شہروں میں شمار پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ یہاں کے پہاڑ، جنگلات اور سیاحتی مقامات اپنی مثال آپ ہیں۔
اسلام آباد کا دیہی علاقہ شاہ اللہ دتہ بھی تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اگر لگ بھگ چار ہزار سال پرانی تاریخ دیکھنی ہو تو شاہ اللّٰہ دتہ کا رخ کریں، برگد کا درخت اور قدرتی غار اس کی تاریخ کا ثبوت دیتے ہیں۔
شفاف بہتے پانی کے چشمے سیاحوں کو اپنے سحرمیں جکڑ لیتے ہیں، بدھ مت اورمغلیہ دور کی تہذیب سمیت دیگر تاریخی اشیاء سیاحوں کا ہاتھ تھامے ماضی میں لے جاتے ہیں۔
شہری مصروف زندگی سے وقت نکال قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کا رخ کرتے ہیں، صرف پاکستان ہی نہیں بیرون ملک سے آئے سیاح بھی اس کی سیر کیے بغیر وفاقی دارالحکومت کے دورہ کو نامکمل سمجھتے ہیں۔
ہزاروں سال پرانی تاریخ کے وارث اور مقیم باشندے اس تاریخی اہمیت کے حامل مقام کو توجہ نہ دینے کا شکوہ کرتے ہیں۔ سرسبز اور شاداب پہاڑ اور صاف شفاف بہتا پانی جہاں شہریوں کو قدرت کے قریب اور ذہنی سکون فراہم کرتا ہے، مقامی افراد حکومت سے اس تاریخی علاقے کی جانب توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔