پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے کہا ہے کہ قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے کا وقت آگیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے سامنے الیکشن التوا کرنے کا آئینی عذر نہیں رکھا گیا۔ حکومتی عہدیداروں نے عدلیہ اور ججز میں دراڑ اور ابہام ڈالنے کی کوشش کی، پاکستان الیکشن کی طرف جارہا ہے، قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے ازخود نوٹس پر اعتراض اٹھایا لیکن موجودہ کیس میں اسپیکرپنجاب اسمبلی اور میں مدعی تھے، حکومت کے پاس کیس سے متعلق نہ دلائل ہیں اور انھوں نے کیس لڑنے کی کوشش بھی نہیں کی، سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ الیکشن کیلئے21 ارب روپے نہیں ہیں، حیرت ہے ایٹمی طاقت والےملک کے پاس21 ارب روپے نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کی تبدیلی پر بھی 5 رکنی بینچ نےفیصلہ سنایا تھا لیکن عمران خان اور پی ٹی آئی عدلیہ پر حملہ آور نہیں ہوئی بلکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کیا۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، حریفوں کو الیکشن میں سیاسی موت نظر آرہی ہے، یہ لوگ نہ حقیقی کیس چاہتے ہیں اور نہ مذاکرات کرنے کے خواہاں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ کل فیصلہ سنائےگی پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے کا وقت آگیا۔ پی ڈی ایم کے مؤقف میں تضاد ہے انھوں نے بند کمرہ عدالت میں پوری عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کی بات کی لیکن عدالت میں ان کے وکلا نے مختلف بیان دیا، پی ڈی ایم کے وکلا عدالت میں بات کرنے کیلئے وقت مانگتے رہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بینچ نے تحمل سے تمام فریقین کا نقطہ نظرسنا، چیف جسٹس نےکہا کہ ہم آئین و قانون کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل کوئی ٹھوس دلائل پیش نہ کرسکے، الیکشن التوا کیس میں دلائل مکمل ہوگئے قوم کو انتظار ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئے۔