کراچی کے شہری اب افطار کرنے گورنر ہاؤس جاسکتے ہیں، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر خاص و عام کے لئے کھول دئیے۔
جہاں شہری ناصرف پر تکلف افطار کریں گے بلکہ تاریخی عمارت میں تصاویر اور ویڈیو بھی بناسکیں گے۔
اسکول، کالجز اور جامعات کے طلبہ سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد افطار میں شرکت کرنے لگی، خواتین اور بچوں نے کہا کہ ہم نے یہاں آکر بہت انجوائے کیا، یہ ایک قابل تعریف اقدام ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹرسیف الرحمٰن نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عالمی ریکارڈ ہے جو آج سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔
ضلع شرقی کےچئیرمین شکیل احمد نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا موقع کبھی نہیں دیکھا، اسلام کی صحیح تعلیم یہی ہے کہ ہر خاص و عام برابر ہو۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اس عمل کا مقصد لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا اور صاحب اقتدار وحیثیت لوگوں کو پیغام پہنچانا تھا کہ وہ بھی آگے بڑھیں اور عوام کی خدمت کریں۔
گورنرہاؤس میں چاند رات کو خواتین کے لئے مہندی لگانے اور مفت چوڑیاں تقسیم کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جبکہ عید الفطر کے بعد بھی عوام باآسانی اس تاریخی عمارت کا وزٹ کرسکیں گے۔