وفاقی حکومت نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ حکومت اس کیس کی پیروی کرنا نہیں چاہتی، لہٰذا حکومت فائز عیسیٰ کے خلاف دائر اپیل واپس لینا چاہتی ہے۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمہ واپس لینے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر ہوا تھا، موجودہ حکومت نے گزشتہ دنوں اس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیا تھا، وزارت قانون نے سمری صدر مملکت کو ارسال کردی تھی جسے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی منظور کرچکے ہیں۔
صدر مملکت نے سمری کی منظوری آئین کے آرٹیکل 48 ایک کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر دی۔