سابق وفاقی وزیر اور کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ہمارے بغیر کامیاب نہیں، بجٹ میں 70 فیصد کے حصہ دار شہر کو صحیح سے شمار کیا جائے۔
کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم ہوں یا نہ ہوں پاکستان کو کامیاب ہونا ہے، ہمارا کامیاب ہونا ضروری نہیں ہے، ہم نے عام آدمی کو ایوان تک بھیجنے کی ہمت کی، آج ایم کیوایم پاکستان ایک امید ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر نے مزید کہا کہ ہمیں ختم کرنے کےلئے کیا کچھ نہیں کیا گیا، ہماری اہمیت کا اندازہ نشستوں سے نہیں لگایا جاسکتا، حکومت اور اپوزیشن ہمارے بغیر کامیاب نہیں۔
انھوں نے کہا کہ بہت کچھ بدل چکا ہے لیکن ہمارا طرز سیاست نہیں بدلا، آج بھی ہمارے مطالبات وہی پرانے ہیں، حکومتوں کاحصہ رہنے کے باوجود وہی مطالبہ کررہےہیں، ستر فیصد بجٹ میں حصہ دار شہر کو صحیح سے گنا جائے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 4 فروری 2018 بھی اب گزر چکا ہے، وہ ہمارے لئے صبر کا دور تھا اور آج شکر کا دور ہے، ایم کیو ایم تقسیم ہوئی، بکھری نہیں نکھری ہے، ہم پہلے سے زیادہ متحرک اور متحد ہیں۔