اسلام آباد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی کے 72 کارکنان کو رہا کرنے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آج کسی ملزم کی شناخت پریڈ نہیں ہوئی، 72 ملزمان کو شناخت پریڈ کے بعد رہا کرنے کی خبر درست نہیں، تمام ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جن کی شناخت پریڈ کل ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن عبہر گل خان نے کینال روڈ پر پولیس سے جھڑپوں کے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے تحریک انصاف کے 72 کارکنان کو شناخت نہ ہونے پر کیس سے ڈسچارج کر دیا۔
پی ٹی آئی کارکنان کو شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس نے ڈسچارج رپورٹ بھی پیش کی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل میں ملزمان کی شناخت پریڈ ہوئی، اس دوران گواہان کارکنان کو بطور ملزم شناخت نہیں کر سکے۔
پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ کیس سے دسچارج ہونے والے ملزمان پر پولیس پر تشدد، ان کی گاڑیاں جلانے اور پیٹرول بم پھینکنے کا الزام تھا۔