پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک کو بھنور سے نکالنے کی امید عدلیہ سے ہے۔
اسلام آباد میں فواد چوہدری، اسد عمر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، ملک میں معاشی اورسیاسی عدم استحکام ہے، ملک کو بھنور سے نکالنے کی امید صرف عدلیہ سے ہے۔
فواد چوہدری
رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بینچ ٹوٹنے سے آئین کو چیلنج درپیش ہوگیا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 30 اپریل تک الیکشن ہونا ہے، 3 ماہ میں ایسا کیا ہو جائے گا کہ سب معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، اور فنڈزآجائیں گے،سیکیورٹی بھی مل جائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ظلم اور جبر کے ساتھ ملک چلایا جارہا ہے، اعلیٰ عدلیہ میں تقسیم کی کوشش کی جارہی ہے، عدالتی احکامات کوردی کی ٹوکری میں ڈالاجارہاہے ہم سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن اس کے داخلی معاملات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔
اسد عمر
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کررہی ہے، تین ماہ سے بول رہا ہوں کہ آئین خطرے میں ہے، آئین ٹوٹتا ہے تو قومی معاہدہ ٹوٹ جاتا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آئین پر عمل کرانے کی ذمہ دار ہے، آٸین ایک سماجی معاہدہ ہے اگر یہ معاہدہ ٹوٹ گیا تو کچھ نہیں بچے گا، تحریک انصاف ہر حال میں آٸین کے ساتھ کھڑی ہے، سپریم کورٹ میں سب قانون کے مطابق ہونا ہے، اگر عدالت عظمیٰ پر حملہ ہوتا ہے تو یہ پاکستان پرحملہ ہوگا، پورا پاکستان سپریم کورٹ کے فیصلےکے ساتھ کھڑا ہے۔