سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگرسپریم کورٹ کہے تو الیکشن کی شرط پر اورسیز پاکستانی 20 ارب روپے ڈونیشن دینے کو تیار ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ کہے تو الیکشن کی شرط پر اورسیز پاکستانی 20 ارب روپے عطیہ دینے کو تیار ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون نہیں ہوگا تو پھر جنگل کا قانون ہوگا، 90 دن میں انتخابات نہ ہوئے تو کوئی ضمانت نہیں کہ ماسٹر لال اکتوبر میں بھی انتخاب کرائے گا، چھینا چھپٹی خانہ جنگی لوٹ مار ہو گی اور کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ لله نے سپریم کورٹ کے موجودہ بینچ کو یہ موقع دیاہےکہ وہ پاکستان کو موجودہ سنگین بحران سےنکالے، جو سپریم کورٹ کا جو فیصلہ نہ مانے اس پر آرٹیکل 6 لگایا جائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کو تقسیم کرنا جمہوری غداری ہوگی، 1997کے سجاد شاہ والے حالات پیدا کیے جارہے ہیں، لیکن اس مرتبہ اس کا نتیجہ خوفناک اور تشویشناک ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف (IMF) اور ڈونر کا حکومت پر اعتماد ختم ہو چکا ہے، نااہل لوگ خود کو اہل کرانے کیلئے چارٹر جہاز پر بکے اور بکنے والے ممبروں کو لا رہے ہیں، رات کے اندھیرے میں لینڈ کرنے والے چوروں اور منی لانڈرز کو اس ملک کا ذمہ دار بنا دیا گیا ہے، یہ سعودی ارب میں تحریری معافی لندن میں بیماری کا بہانہ بنا کر گئے۔