مغربی سسٹم کے تحت بارش برسانے والا طاقتور سسٹم پاکستان میں داخل ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے پاک ایران بارڈر پر طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
مغربی سسٹ میں پاکستان میں داخل ہونے کے بعد ملک بھر میں بارشوں کا سلسسلہ شروع ہو چکا ہے، بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
صوبے بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔
زیارت میں حالیہ بارشوں کے ساتھ ژالہ باری ہونے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
جعفرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے لاکھوں ایکڑ پر کاشت کی گئی تیار فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
جھل مگسی اور بولان ندی میں سیلابی ریلے سے عارضی پل بہہ گیا ہے۔
جبکہ کوہلو اور خاران میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
محکمہ موسمیات نے کوئٹہ، ژوب، قلات، خضدار، چمن، قلعہ سیف اللہ میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔قلعہ عبداللہ، سبی، نصیرآباد، دالبندین، بارکھان اور نوکنڈی میں بارش کا امکان ہے۔
بعض مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش و ژالہ باری متوقع ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ندی نالوں میں طغیانی ہے، کوئٹہ کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کسی بھی مشکل سے بچنے کے لئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوچکا ہے، سردی میں اضافہ ہوچکا ہے اور کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
محکم موسمیات کے مطابق بارش کا تازہ اسپل مزید 48 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔
کوہلو کی ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ان حالات میں چوکنا رہنے، دور دراز علاقوں سے کچے راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔
جھل مگسی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً نزدیکی لیویز چوکی ہا ہیڈ کوارٹر لیویز فورس کو آگاہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
موسلادھار بارشوں کی وجہ سے بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے جبکہ گیس پریشر بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے شہر مانسہرہ، بالاکوٹ و گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
کاغان ویلی میں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 24گھنٹے تک وقفہ وقفہ سے جاری رہے۔
پنجاب میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ساہیوال شہر اور گردونواح میں بارش ہوئی، عارف والا اور مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گندم کی فصل متاثرہ ہونے کا خدشہ ہے۔
خانیوال، اوکاڑہ، بورے والا، چشتیاں، بہاولپور، جلالپور پیروالا، موسیٰ خیل میں بارچ کا سلسلہ جاری ہے۔