سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کو کورونا ہوگیا جس کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
احتساب عدالت مین عدم پیشی کی توجیہہ کے طورپرعثمان بزدار نے کورونا پازیٹو کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔
یاد رہے کہ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو آج طلب کر رکھا تھا۔
دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ عثمان بزدار کو کورونا ہوگیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکلاء نے ان کی حاضری معافی کی درخواست عدالت میں جمع کرائی۔
وکیل نے کہا کہ عثمان بزدار کی کورونا مثبت رپورٹ آئی ہے، جس پر عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
نیب نے عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری شروع کر رکھی ہے
پراسیکیوٹر نے کہا کہ عثمان بزدار نے نیب سوالنامے کا جواب ابھی تک جمع نہیں کرایا۔
عدالت نے نیب تفتیشی آفیسر سے انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کردی ۔