سعودی عرب میں گزشتہ روز عمرہ زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
سعودی عرب کے عسیر ریجن میں عقبہ کے مقام پر گزشتہ روز عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ افسوسناک واقعہ میں 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 29 افراد زخمی ہوئے۔
اسپتال میں دوران علاج دو زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی۔ حکام کے مطابق بس میں سعودی اور دیگر غیر ملکی سوار تھے جو عمرہ کی نیت سے مکہ مکرمہ جا رہے تھے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت کا عمل مکمل کرکے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ گورنر عسیر ریجن نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔
واقعے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں بس کے جلے ہوئے ڈھانچے کو سڑک کنارے الٹا دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ بس میں مختلف ممالک کے اقامہ ہولڈرز شہری سوار تھے۔ پاکستان اور دوسرے ممالک سے عمرہ ویزا پر جانے والے زائرین حادثے کا شکار بس میں سوار نہیں تھے۔