پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے عمران خان کے خلاف متنازع ٹویٹ کی اور ان کی صحت کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کرے۔
قبل ازیں، فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ رانا ثناء اللہ کا معاملہ دراصل ایک کیس اسٹڈی ہے، مریم نواز جیسے لوگوں نے کبھی کونسلر کا الیکشن تک نہیں لڑا، ن لیگ نے قسم اٹھائی ہےکہ تاریخ سےکچھ نہیں سیکھنا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جس قسم کی ڈیل کی جارہی ہے کوئی پاگل ہی ہوگا۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی کو اپنے غلط فیصلوں کی قیمت ادا کرنا ہوگی، غلط فیصلوں کی وجہ سے بلاول اور مریم نواز کا سیاسی مستقبل ختم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بےنظیر بھٹو کی پارٹی ن لیگ کی اتحادی بنی ہوئی ہے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی کا حشر نشر کردیا ہے۔