اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی میں جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی چھ یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق دوبارہ گنتی آئندہ سماعت 29 مارچ تک روک دی۔
نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نے دوبارہ گنتی کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔
دوسری جانب جماعت اسلامی لاہور نے تیس اپریل کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی ہونے کے خلاف الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الیکشن کمیشن کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
جماعت اسلامی لاہور نے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر کورٹ اسٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف شفاف انتخابات کروانا ہے۔ کسی ایک جماعت کی خوشنودی کیلئے الیکشن کمیشن کا ایسا اقدام قبول نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کا انتخابات سے فرار سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی اور آئین شکنی ہے۔ اگر زلزلہ کے باوجود ترکیہ میں انتخابات ہو سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں۔
احتجاجی مظاہرے میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ ، نائب امراء لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد سمیت دیگر امیدوار و کارکنان نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔