افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر خود کش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا۔
ترجمان طالبان کے مطابق خود کش بمبار نہیں رکا سکیورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلا دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خود کش دھماکا کردیا۔
خود کش حملے میں 6 افراد جاں بحق اور دو سیکیورٹی اہلکاروں اور بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطالوی غیر سرکاری تنظیم کے ماتحت اسپتال کی ایمرجنسی کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ایک بچے سمیت 12 زخمی مریضوں کو اسپتال لایا گیا، جب کہ دو دیگر افراد پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔
دھماکا دوپہر کو کابل کے مرکز میں رش کے اوقات میں ہوا، اس وقت سرکاری ملازمین رمضان کی وجہ سے اپنے کام جلدی ختم کرکے لوٹنے کی تیاری میں تھے۔
حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے بھی قبول نہیں کی۔