محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اسلام آباد نے چئیرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت 17 افراد کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران توڑ پھوڑ کے حوالے سے درج مقدمے میں طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی کی قیادت کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کے لیے حکم نامہ بھجوایا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری حکم نامے میں عمران خان، مراد سعید، عامر کیانی، امجد نیازی، راجہ خرم نواز، علی امین گنڈا پور، شبلی فراز، اسد عمر، شہزاد وسیم، فرخ حبیب، عمر ایوب، حماد اظہر، اسد قیصر اور حسان خان نیازی کے نام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ عمران خان کے چیف سیکیورٹی آفیسر (سی ایس او) کرنل ریٹائرڈ عاصم کو بھی طلب گیا ہے۔
ان تمام افراد کو تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں بلایا گیا ہے، جبکہ تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ میں عمران خان کو بلایا گیا۔
اسد عمر، علی نواز اعوان، عامر مغل جمشید خان کو بھی اس مقدمہ میں بلایا گیا۔
عمران خان و دیگر کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں 18 مارچ کو مقدمہ درج ہوا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد شامل تفتیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔