Aaj Logo

شائع 25 مارچ 2023 12:55pm

ظل شاہ قتل کیس : فواد چودھری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت منظور

لاہورکی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ قتل کیس میں پارٹی رہنماؤں فواد چوہدری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ایڈووکیٹ ظفر اقبال منگن اور سکندر ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستیں دائرکیں، اس سے قبل انسدادِ دہشتگردی عدالت نے عدم پیروی پرضمانتیں خارج کر دی تھیں۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں وکیل سے استفسار کیا کہ 9 بج کر 35 منٹ پر تینوں رہنماء موجود نہیں تھے،آپ نے پٹیشن میں یہ وقت لکھا ہے۔

جواب میں وکیل ظفراقبال منگن ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی اسی وقت درخواستیں خارج ہوئی تھیں، فواد چوہدری شہر سے باہر تھے تاخیر سے لاہور پہنچے۔

فواد چوہدری کے وکیل کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث رات سفرنہیں کر سکے، ذاتی مصروفیات کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔

وکیل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے، پولیس نے سرور روڈ تھانہ میں دوسرا مقدمہ درج کیا جس میں پی ٹی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیا گیاہے۔

وکیل کی استدعا پر عدالت نے ملزمان کو ایک ، ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے 4 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

Read Comments