لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، فرخ حبیب اور فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے تحریک انصاف کی ریلی کے دوران پولیس پر تشدد، اقدام قتل، جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
مزید پڑھیں: دفعہ 144 خلاف ورزی کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور
عدالت نے عدم پیروی پر پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، فرخ حبیب اور فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
عدالت نے اعجاز چوہدری، محمود الرشید اور امتیاز علی سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعجاز احمد چوہدری، حماد اظہر، فرخ حبیب سمیت دیگر نے بھی عبوری ضمانت دائر کی تھی۔
مزید پرھیں: اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، پولیس پرحملے کے الزام میں 198 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار
تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے 12 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے۔
مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، لڑائی جھگڑا، کار سرکار میں مداخلت سمیت 12 دفعات شامل ہیں۔
دوسری جانب زمان پارک ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں ملوث 93 پی ٹی آئی کارکنان کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیے گئے ہیں۔
ملزمان کی رہائی کے لئے 50،50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے ہیں۔
مقدمے میں ملوث ملزمان فدا حسین، عبدالغفور اور رانا فرخ سمیت 93 کارکنان کے مچلکے جمع کرائے گئے۔
عدالت نے مچلکے جمع ہونے پر کارکنان کی رہائی کا پروانہ جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے 93 کارکنان کی ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت نے 9 کارکنان کی بعد از گرفتاری درخواست خارج کی تھی ۔
جن کارکنان سے اسلحہ اور پیٹرول بم برآمد ہوئے ان کی درخواست ضمانت خارج ہوئی تھی۔