راولپنڈی میں کم سن بچی پرتشدد کرنے والے سوتیلے باپ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کم سن بچی پر تشدد کرنے والے سوتیلے باپ کے خلاف مقدمہ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر درج کیا گیا ہے۔
چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کے مطابق 8 سالہ معصوم بچی پر تشدد کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع ملنے پر تھانہ ریس کورس کی حدود سے بچی کا بازیاب کروایا گیا تھا۔
سارہ احمد نے بتایا کہ متاثرہ بچی کو سوتیلے باپ نے ڈنڈے، گھونسوں اور تھپڑوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث بچی کے سر، چہرے، بازو اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات آئے۔
چیئر پرسن سارہ احمد کے مطابق مبینہ تشدد کا شکار بچی کا میڈیکل کروایا جائے گا، ملزم خاور شہزاد کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ متاثرہ بچی کی والدہ کی جانب سے انکار پر بیورو کی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔