الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں شوکاز نوٹس کیخلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اعتراضات مسترد کردیے۔ اس فیصلے کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کارروائی آگے بڑھنے کا راستہ کھل گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے شوکاز نوٹس کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست خارج کردی جبکہ کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
تحریک انصاف کیخلاف گذشتہ برس الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد پارٹی کے مستقبل کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں کارروائی شروع ہوئی تھی جس کے آغاز پر تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
تحریک انصاف نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا جس کے نتیجے میں کارروائی معطل ہوگئی۔ تاہم شوکاز نوٹس پر اعتراضات مسترد کیے جانے کے بعد اب کارروائی آگے بڑھنے کا راستہ کھل گیا ہے۔