Aaj Logo

شائع 21 مارچ 2023 05:01pm

منی لانڈرنگ کیس : پرویزالہیٰ کے بیٹے راسخ الٰہی اور انکی اہلیہ کو شوکاز نوٹسز جاری

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کے بیٹے راسخ الہیٰ، ان کی اہلیہ اور مؤنس الہیٰ کی اہلیہ کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے۔

پرویزالہیٰ کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ عدالت نے راسخ الہیٰ اور ان کی اہلیہ کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس فریز کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مونس الٰہی کی بیوی تحریم الہی کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے، اور ان کے بھی بینک اکاؤنٹس فریز کرنے کے آرڈر جاری کئے گئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ مقدمے میں دیگر شریک ملزمان کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جس میں پراپرٹیز کی منی ٹریل اور ثبوت مانگے گئے ہیں اور تمام شریک ملزمان کو جلد از جلد جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کو شوکاز نوٹسز اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کی تقریبا 10 ارب روپے مالیت کی 17420 کینال اراضی عدالتی حکم کے مطابق فریز کی جا چکی ہے، اور 22 بینک اکاؤنٹس بھی عدالتی حکم کے مطابق فریز کیے جا چکے ہیں، ان تمام بنک اکاؤنٹس میں تقریبا ساڑھے 3 ارب روپے بھیجے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق کرپشن کا پیسہ مختلف بے نامی بنک اکاؤنٹس اور بے نامی کمپنیوں کے ذریعے لانڈر کیا گیا، اور گزشتہ دور حکومت میں چوہدری فیملی نے اپنے مختلف فرنٹ مین کے ذریعے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔

Read Comments