پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مینار پاکستان پر26 مارچ کو جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کو بالآخر لاہور میں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے اجازت نامہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے حلف نامہ لینے کے بعد اجازت دی۔ اجازت نامہ کے مطابق عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، جلسہ انتظامیہ اسٹیج، انکلوژز کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مینار پاکستان میں جلسے کے لئے 25 مارچ کی تاریخ دی تھی تاہم مختلف تاریخیں تبدیل کرنے کے بعد پی ٹی آئی لاہور جلسے کے لئے 26 مارچ کی تاریخ حتمی ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسہ کی اجازت دینے سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دینے کے خلاف پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافع حیدر عدالت کے روبرو پیش ہوئیں، جنہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے جلسے کی اجازت سے متعلق 2 درخواستیں موصول ہوئیں، پی ٹی آئی نے پہلے 22 مارچ کو جلسہ کرنے کی اجازت طلب کی پھر دوسری درخواست میں جلسہ 26 مارچ کو جلسہ کرنے کی اجازت مانگی۔
سب سے پہلے لاہور ریلی کے دوران عمران خان نے اتوار 19 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم 12 مارچ سے زمان پارک لاہور میں آپریشن کے بعد سے شہر کی کشیدہ صورتحال پر لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی تاریخ تبدیل کرنے کا کہا تھا، اور نگراں حکومت پنجاب سے مشاورت کا بھی حکم دیا تھا۔