امریکی ریاست فلوریڈا میں اپنی نوعیت کا ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا جہاں گھر پر ہونے والی دستک ناگہانی آفت بن کر ٹوٹی۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کمیشن نے سی این این کو ایک ای میل میں بتایا کہ یہ دستک دینے والے مہمان نے گھرکے مالک پرحملہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیٹونا بیچ کا رہائشی اسکاٹ ہولنگز ورتھ دستک پردروازہ کھولنے گیا تو اس کا سامنا ایک مگرمچھ سے ہوا جس نے بند دروازہ اپنی دُم کی مدد سے بجایا تھا۔
اس غیر متوقع مہمان نے دروازہ کھلتے ہی اسکاٹ کی ٹانگ دبوچ لی، مالک مکان کی ٹانگ پر گہرے زخم آئے تاہم اسے بچا لیا گیا۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کمیشن کو 56 سالہ اسکاٹ پر اس غیرمتوقع حملے سے متعلق کال موصول ہوئی تھی، جس پر اس 2.7 میٹر لمبت مگرمچھ کو قابو کرنے کے لیے فوری طور پر ایک شکاری بھیجا گیا، اس دوران اسکاٹ ہولنگز ورتھ کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
واقعے کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ مالک مکان اپنے گھر میں ٹی وی دیکھ رہا تھا جب اس نے دروازے پر دستک سنی۔اس نے بتایا کہ، ’میں نے چھلانگ لگائی اورجا کر دروازہ کھولا، بمشکل دروازے سے باہر نکلا ہی تھا تو مگرمچھ میری ٹانگ سے چمٹ گیا اور اسے کاٹنا شروع کر دیا۔
اسکاٹ کے مطابق ، ’میرے خیال میں ،میں نے مگرمچھ کو اتنا ہی حیران کیا جتنا اس نے مجھے، حملے کے بعد میں نے اپنے آپ کو بچانے کی پوری کوشش کی۔‘
فش اینڈ وائلڈ لائف پروٹیکشن کمیٹی اس علاقے کے رہائشیوں کو اکثر وبیشترخبردار کرتی رہتی ہے کہ مگرمچھ سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور تیراکی بھی صرف دن کی روشنی کے اوقات میں مخصوص جگہوں پر ہی کریں ، اس کے علاوہ مچھلیوں کو کبھی کھانا نہ دیں۔
کمیشن نے ویب سائٹ پر بھی یہ وضاحت جاری کررکھی ہے کہ موسم مزید گرم ہونے کے ساتھ ہی فلوریڈا کے باشندوں کو مزید مگرمچھوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔