وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ غریب کا ملک الگ اور امیر کا ملک الگ کردیا ہے، امیر اب مہنگا اور غریب سستا پٹرول خریدے گا۔
وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایک شخص جو کبھی وزیراعظم تھا، چاہے سلیکٹڈ ہی تھا، اس کے ہاتھ میں آئین و قانون دیا گیا تھا، اور اس ملک کے غریب عوام کی حفاظت کا ذمہ دیا گیا تھا وہ کہہ رہا ہے کہ مجھ پر کوئی قانون و آئین لاگو نہیں ہوتا، تمہیں وارنٹ بھیجنے کی جرات کیسے ہوئی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو کہا کہ پاکستان میں دو ملک ہیں، ایک ملک امیر اور دوسرا غریب کا ہے، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ، پھر ہم نے غریب اور امیر کے گیس کا بل الگ کردیا، اور اب جو ماں زمین پر بیٹھ کر روٹی بنا رہی تھی وہ ایک چوتھائی بل ادا کرے گا، اور وہ ماں جو بیگم ہے وہ چار گنا زیادہ پیسے دے گی، اس پر جنوری سے عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ مجھے ایک ہفتے پہلے دوبارہ وزیراعظم نے حکم دیا کہ آپ کی وزارت میں پیٹرول بھی ہے، آپ امیر اور غریب دونوں کا پیٹرول کا خرچہ بھی علیحدہ کریں، گزشتہ روز ہم نے اس پر ایک اسکیم بنائی ہے اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس اسکیم پر 6 ہفتوں کے اندر عمدرآمد ہونا چاہئے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اسکیم کے مطابقا ہم نے امیر اورغریب کیلئے پٹرول کی قیمتیں الگ کر دی ہیں، امیر اب مہنگا اور غریب سستا پٹرول خریدے گا، امیر سے پیسے لے کر غریب کو پیٹرول کی شکل میں دیئے جائیں گے، اس پر 6 ہفتے میں عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔