رات کودیرتک جاگنا اورملازمت سمیت دیگرمعمولات زندگی سرانجام دینے کیلئے صبح جلدی اٹھ جانا ہم میں سے بیشترکی عادت بن چکی ہے لیکن علی الصبح جلدی اٹھنے کے فوائد پرذرا گہری نظرڈالیں تو یقینناً بیشتر اپنی یہ عادت تبدیل کرنے پرمجبورہوجائیں گے۔
نیو ٹریڈریونامی ویب سائٹ پرشائع امریکی ماہرسٹیوبرنزکے لکھے گئے مضمون میں صبح جلدی جاگنے کے فوائد بیان کیے گئے ہیں۔ آپ بھی جان لیں کہ صبح سویرے اٹھنا زندگی میں کامیابی سے جڑی عادت ہے اوربیشترکامیاب لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ان کی کامیابی کا اہم ترین عنصرصبح 4 بجے جاگنا ہے۔
مضمون کے مطابق جلد جاگنے سےطرززندگی پرگہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
صبح سویرے اٹھنے کے فوائد
جلدی بیدارہونے کی صورت میں آپ کے پاس دن کی منصوبہ بندی، ورزش اوربغیر کسی خلفشارکے اپنا کام مکمل کرنے کا وقت ہوتا ہے جس سے اہداف حاصل کرنے سے متعلق پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔
صبح سویرے اٹھنے سے دن میں کئی اضافی گھنٹے شامل کیے جاسکتے ہیں جو ذاتی منصوبوں، مطالعہ یاملتوی کیے جانے والے کاموں کی تکمیل میں لگائے جاسکتے ہیں۔
جلدی جاگنے کے لیے نظم وضبط اورخود پرقابو پانا ضروری ہے اور یہی عادت اپنا وقت بہترین طریقے سے استعمال کرنے اورانتظامی مہارت کیلئے ضروری کاموں کو ترجیح دینے کی صلاحیت بہتربناتی ہے۔
تحقیق سے اخذ کیا گیا ہے کہ صبح جلدی اٹھنے والے افراد میں ذہنی تناؤ اوراضطراب کی سطح کم ہوتی ہے کیونکہ علی الصبح اٹھنے سے آپ دن کا پرسکون آغاز کرسکتے ہیں جس کا آپ کی ذہنی صحت پرمثبت اثرہوتا ہے۔
جلد سونا اور پھرجلد جاگنا نیند کاشیڈول منظم کرنے میں بھی مدد دیتا ہےجس سے نیند کامعیاربہترہوتا ہے اور آپ دن بھرزیادہ پرسکون اورتروتازہ رہتے ہیں۔
جلدی بیدارہونے والوں کے پاس اپنے لیے صحت مند ناشتہ تیارکرنے اوردن بھرکے کھانے کی منصوبہ بندی کرنے کیلئے بھی زیادہ وقت ہوتا ہے جس سے ان میں کھانے کی صحت مند عادات پروان چڑھتی ہیں۔
صحت مند زندگی گزارنے کیلئے ورزش انتہائی ضروری ہے لیکن وقت کی کمی کے باعث ہم میں سے بہت سے لوگ ایسا نہیں کرپاتے۔جلدی جاگنے سے ورزش کے لیےوقت مل جاتا ہے اور آپکی مجموعی جسمانی صحت بہترہوتی ہے۔
ریسرچ سے علم ہوتا ہے کہ صبح کے وقت تخلیقی صلاحیتیں اپنے عروج پرہوتی ہیں اور جلدی اٹھنے والے اس پرائم ٹائم کو نئے آئیڈیاز کے ساتھ تخلیقی منصوبوں پرکام کرنے کیلئےاستعمال کرسکتے ہیں۔
صبح جلدی بیدارہونا اورکام مکمل کرنا آپ کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہوئےمزید کام کرنے کی ترغیب دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ذاتی سرگرمیوں جیسے پڑھنے یا مراقبہ کے لیے زیادہ وقت مل سکتا ہے۔ اس سے خود آگاہی اوراپنی ذات میں مزید بہتری لانے کا موقع مل جاتا ہے۔
نیند کی عادات تبدیل کرنا خاصا مشکل ثابت ہوسکتا ہے خصوصاًان لوگوں کے لیے جنہیں رات دیر سے سونے کی عادت ہو، اس کے لیے آہستہ آہستہ اپنے معمولات کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
کوشش کریں کہ روزانہ ایک ہی وقت پربیدارہوں خصوصاً ہفتہ وار چھٹی والےروز بھی اپنی عادت تبدیل نہ کریں۔
روزانہ خود سے عہد کریں کہ ہردن کی نسبت زیادہ کام کرنا ہے اوراسے بوجھ نہیں سمجھنا۔
سونے کے اوقات کارمقرر کریں اور اس پر سختی سے کاربند رہیں، گو شروع میں مشکل ہوگی لیکن ہرروز ایک ہی وقت پربسترپر جانے سے جلد ہی آپ اس معمول کے عادی ہوجائیں گے۔
جاگنے کے وقت کو بتدریج ہرچند روز میں 15 سے 30 منٹ تک تبدیل کریں جب تک کہ آپ مقررہ وقت پراٹھنے تک نہ پہنچیں۔
جلدی اٹھنے کیلئے نیند کا دورانیہ کم نہ کریں، تازم دم اٹھنے کیلئے 7 سے 8 گھنٹے کی نیند ضروری ہے، اس لیے پلاننگ کر کے اپنے معمولات اسی طرح سے سیٹ کرلیں۔
ہمت ہرگز نہ ہاریں کیونکہ معمولات زندگی بدلنے کیلئے محنت درکار ہوتی ہے اس لیے اگر معمولات برقرار نہ رہیں تو بھی کوشش جاری رکھیں، بتدریج آپ نئی روٹین کے عادی ہوجائیں گے۔