چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف نے ان چوروں کو مسلط کرکے غداری کی۔
زمان پارک میں قوم سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ میری زندگی اورکوئی چیز بھی قوم سے چھپی ہوئی نہیں، میں نے کبھی پاکستان کا قانون نہیں توڑا، کبھی میرا نام میچ فکسنگ میں نہیں آیا، اور ان لوگوں نے میرے اوپر 96 کیسز کردیئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھ پر دہشتگردی، قتل، توہین مذہب اور غداری کے کیسز بنائے گئے، میں جب بھی گھر سے باہر نکلتا ہوں کیس درج ہوجاتا ہے، مجھے راستے سے ہٹانے کے لیے ہر قسم کا حربہ استعمال کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھ پر ملک کے سب سے بڑےمجرم کیس کر رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کے کرپشن کے قصے عالمی میڈیا پر نشر ہوچکے ہیں، سندھ میں پوچھیں زرداری نے کیا کیا ظلم نہیں کیے، محسن نقوی آصف زرداری کو باپ مانتا ہے، جو آصف زرداری کو باپ مانتا ہو اس کا اپنا کردارکیا ہوگا، ان لوگوں کو سابق آرمی چیف نے مسلط کرکے ملک و قوم سے غداری کی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں الیکشن شیڈول جاری ہوچکا ہے، جس کے بعد ہم نے ریلی کا اعلان کیا اور راستوں کا شیڈول جاری کیا، اسی دن نگراں حکومت نے اچانک دفعہ 144 نافذ کردی، کارکنان پر تشدد کیا گیا، پولیس نے گاڑیاں توڑیں، لیکن میں نے اپنےکارکنان کو پرامن رہنے کی تلقین کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے کبھی عدالتوں میں پیشی سے انکار نہیں کیا، مجھے عدالت نے 18 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا، لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پہلے ہی پولیس نے زمان پارک پر حملہ کردیا، آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے، ہمارے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ ان سب اقدامات کے پیچھے حکمرانوں کا ایجنڈا یہ ہے کہ انتشار پھیلے اور انتخابات نہ ہوں، یہ لوگ انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے، کیوں کہ 37 میں سے 30 ضمنی انتخابات یہ ہار چکے ہیں، جب کہ ان کو اسٹیبلشمنٹ کی پوری سپورٹ تھی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے پتہ تھا کہ اگر میں گزشتہ روز عدالت میں پیش نہ ہوا تو ملک میں مزید تباہی آئے گی، اس لئے فیصلہ کیا کہ کچھ بھی ہو میں ضرور اسلام آباد جاؤں گا، مجھے پتہ تھا کہ یہ لوگ مجھے گرفتار کرلیں گے، اور بلوچستان لے جائیں گے جہاں مجھے قتل کردیا جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری اسلام آباد روانگی کے وقت ان لوگوں نے پورا موٹروے بند کر دیا تھا، یہ سب ایسے کیا گیا جیسے کوئی بہت بڑا دہشت گرد آرہا ہے، پولیس کی وجہ سے مجھےعدالت پہنچنے میں ساڑھے 5 گھنٹے لگے، میں نے عدالت کو بھی بتایا کہ میری جان کو خطرہ ہے، اور حکومت سیکیورٹی نہیں دے رہی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں اسلام آباد عدالت میں حاضری لگان گیا تو وہاں پہلے سے ہی پولیس کی بڑی تعداد موجود تھی، ابھی ہم دروازے پر کھڑے تھے تو پولیس نے مارنا شروع کردیا، آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، لاٹھی چارج کیا گیا، میں گاڑی سے تیزی سے نہ نکالتا تو صورتحال کنٹرول سے باہر ہو جاتی، اگر اس وقت میں وہاں کوئی بیان دے دیتا تو خون خرابہ ہوجاتا اور یہ پورے ملک میں پھیل جاتا۔