وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات میں عمران خان اور قیادت کو نامزد کیا جائے گا، آج بھی پولیس غیر مسلح ہوکر زمان پارک گئی۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ زمان پارک نوگو ایریا بنا ہوا تھا، شہریوں کو مسائل تھے، آئی جی پنجاب کچھ دیرمیں تمام چیزیں قوم کے سامنے رکھیں گے، نوگو ایریا کلیئر کروا دیا ہے۔
وزیرداخلہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے وہ ملک میں فساد چاہتا ہے، مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، اس کا مائنڈ سیٹ سامنے آگیا، ایسے شخص کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کیا جانا چاہیئے۔
انہوں نے بتایا کہ آج بھی پولیس غیر مسلح ہوکر زمان پارک گئی، ان پر پتھراؤ ہوا، ہم نہیں چاہتے تھے کسی قسم کا نقصان ہو، پولیس سرچ وارنٹ کے ساتھ زمان پارک گئی تھی۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پولیس سرچ وارنٹ کے باوجود رہائشی حصے میں داخل نہیں ہوئی، تمام مقدمات میں عمران خان اور ان کی قیادت کو نامزد کیا جائے گا۔