خیبرپختونخوا کابینہ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں مبینہ کرپشن کا کیس دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا.
سابق وزیر اعظم عمران خان نے پشاور میں 13 اگست 2020 میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کا افتتاح کیا تھا۔ جب یہ منصوبہ زیر تعمیر تھا تو نیب اور ایف آئی اے اس پروجیکٹ پر مبینہ کرپشن کی تحقیقات کررہے تھے تاہم سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کی درخواست پر 2021 میں نیب اور ایف آئی اے کو تحقیقات سے روک دیا تھا۔
خیبرپختونخوا کابینہ نے ماضی میں بند کیے جانے والے کرپشن کیس کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ نے بی آرٹی پشاورمیں کرپشن کا کیس دوبارہ کھولنے کے لئے نیب اورایف آئی اے سے تحقیقات کیلئےرابطہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ بی آرٹی کی آمدن کم اوراخرجات زیادہ ہونےکی تحقیقات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2020 میں سپریم کورٹ نے بی آر ٹی پشاور منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات روکنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ کا یہ حکم پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی اپیل پر دیا تھا۔
واضح رہے کہ 2019 میں اس وقت کے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے ایک بینچ نے ایف آئی اے کو اس منصوبے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا۔