پنجاب پولیس یاسمین راشد کو گرفتار نہیں کرسکی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔
تحریک انصاف کی متحرک رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کو پولیس کی جانب سے روکے جانے کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کردی۔ جس میں یاسمین راشد کی گاڑی کو جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو پنجاب پولیس ان کے کلینک جیل روڈ سے گرفتار کر رہی ہے۔
پولیس نے ڈاکٹریاسمین راشد کی گاڑی کو گھیر لیا، جبکہ یاسمین راشد نے خود کو گاڑی میں لاک کرلیا۔
لاہور شادمان انڈر پاس میں گاڑی میں موجود ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پولیس نے مجھے گرفتار کرنے کیلئے گھیرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علی بلال کیس میں ضمانت لے چکی ہوں،میری گاڑی کو سڑک کے درمیان روک لیا گیا، لیڈی پولیس اہلکاروں نے کہا کہ آپ میرے ساتھ آئیں، پولیس نے کہا گاڑی سے اتریں ہمارے ساتھ چلیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ جب پوچھا کیوں ساتھ آؤں تو اہلکاروں نےوارنٹ بھی نہیں دکھائے، اب میں اپنی کلینک کی طرف جارہی ہوں، پولیس نے مجھے جانے دیا ہے۔