Aaj Logo

شائع 15 مارچ 2023 02:07pm

شہرام خان ترکئی کیخلاف آزادی مارچ کے دوران درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماء عامر کیانی کی حفاظتی ضمانت منظورکرلی جبکہ تحریک انصاف کے رہنماء شہرام خان ترکئی کے خلاف آزادی مارچ کے دوران درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ عامرفاروق نے پی ٹی آئی رہنماء عامر کیانی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا کہ عامر کیانی کے خلاف راولپنڈی اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے، ایف آئی آر بدنیتی پرمبنی ہے، صرف ہراساں کیا جا رہا ہے، متعلقہ عدالت میں پیشی کے لئے حفاظتی ضمانت منظورکی جائے۔

عدالت نے کیس میں عامر کیانی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہی پی ٹی آئی رہنماء شہرام خان ترکئی کی 25 مئی آزادی مارچ کے نتیجے میں درج ایف آئی آر خارج کرنے کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

ڈی ایس پی لیگل نے شہرام خان ترکئی کے خلاف یو ایس بی عدالت میں پیش کی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استغاثہ ہر مقدمے میں یو ایس بی پیش کررہی ہے جو اسلام آباد پولیس کی نااہلی کو ظاہر کررہی ہے، کیا شہرام خان موقع واردات پر موجود تھے؟۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ شہرام خان موجود نہیں تھے۔

عدالت نے شہرام خان کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

Read Comments