لاہور میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 8 کا پہلا کوالیفائر لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان شیڈول کے مطابق کروانے کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور میں کشیدہ صورتحال کے باوجود لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ آج شیڈول کے مطابق ہوگا، میچ شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ سیکیورٹی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹیمیں مقررہ وقت پراسٹیڈیم پہنچ جائیں گی، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی سی بی کے پاس متبادل پلان موجود ہے۔
گزشتہ شب کشیدگی کے باعث چاروں ٹیموں نے پریکٹس سیشن منسوخ کردیے تھے، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز نے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کرنا تھا جبکہ پشاور زلمی اوراسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹریننگ سیشن ایل سی سی اے گراؤنڈ میں شیڈول تھا۔
لاہور کے مال روڈ واقع نجی ہوٹل میں قیام پذیر ٹیموں نے جس روٹ سے اسٹیڈیم کی طرف جانا ہے، اس راستے پر پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو منتشر کرنے کے لئے موجود ہے جبکہ دونوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں بھی ہورہی ہیں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان میچ آج شام 7 بجے شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ لاہور پر کشیدگی کے باعث لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان پہلے کوالیفائر میں شائقین کرکٹ کی تعداد کم ہونے کی توقع ہے جبکہ اسیٹیڈیم کے اطراف سیکیورٹی کی اضافی نفری تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔