Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2023 09:37pm

صبح کا انتظار کر رہے ہیں، وکلا وارنٹ عدالت میں چیلنج کریں گے: عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ صبح کا انٹطار کر رہے ہیں، وکلاء وارنٹ عدالت میں چیلنج کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صبح کا انتظار کر رہے ہیں، وکلا وارنٹ عدالت میں چیلنج کریں گے، آئین و قانون پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پولیس مجھےگرفتار کرنے 4 روز پہلے ہی پہنچ گئی، 26 سالہ کیریئر میں کارکنوں کو احتجاج پر نہیں اکسایا، توشہ خانہ کا الزام لگایا گیا، ہم تو عدالت میں یہ کیس لڑ بھی نہیں رہے۔

اس سے قبل زمان پارک میں پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے مابین تصادم پر عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کی جنگ میں ثابت قدم اور حقیقی آزادی کی جنگ میں غیرمتزلزل رہیں۔

اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کے ہمراہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لئے لاہور زمان پارک میں موجود ہے، اور پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کررہی ہے۔

پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے تصادم میں ڈی آئی جی آپریشنز اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام میں کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی جنگ میں غیرمتزلزل رہیں، اور قانون کی حکمرانی کی جنگ میں ثابت قدم رہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اللہ نے سب کچھ دے دیا ہے، میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، آپ نے جدوجہد کرنی ہے، باہر نکلنا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے پہنچ گئی ہے، اگر یہ مجھے جیل میں ڈالتے ہیں یا ماردیتے ہیں، تو آپ نے ثابت کردینا کہ عمران کے بغیر بھی قوم جدوجہد کرے گی، ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہ کرنا۔

Read Comments