افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے پاکستان ٹیم کے کپتان مقرر ہونے والے شاداب خان کا پہلا بیان آگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ سب سے پہلے تو اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں، گرین شرٹس کی قیادت کرنا بڑا اعزاز ہے، مجھے جو ذمہ داری ملی ہے اسے پوری طرح نبھانے کی کوشش کروں گا۔
شاداب خان نے کہا کہ میں نئے کھلاڑیوں کے ٹیم میں جگہ بنانے پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں، کھلاڑی اس ٹارگٹ کے ساتھ کھیلنا شروع کرتے ہیں کہ اعلیٰ سطح پر جائیں، اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔
قومی ٹیم کے نئے کپتان نے مزید کہا کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں ایک ینگ ٹیم ہے اور میں اس کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہوں، ینگ ٹیم میں انرجی ہوتی ہے، کوشش کروں گا کہ یہ انرجی خود بھی لوں، یہ ایک دلچسپ سیریز ہو گی۔
شاداب خان نے کہا کہ فینز سے درخواست ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں، کوشش کریں کہ جس طرح پی ایس ایل کے میچز دلچسپ ہوئے، یہ سیریز بھی اسی طرح ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف ہونے والی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
شاداب خان (کپتان)، عبد اللّٰہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللّٰہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللّٰہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔