افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بننے پر وکٹ کیپر اور بلے باز اعظم خان نے دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے اعظم خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کا انعام انہیں اسکواڈ میں شمولیت کی صورت میں ملا۔
اس حوالے سے معین خان کے صاحبزادے اعظم خان نے ٹوئٹر پر اپنی سلیکشن سے متعلق خبر پر مشہور اور دلچسپ میم شیئر کی۔
یہ وہی میم ہے جو وقار ذکا کے شو سے وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص کو اپنی سلیکشن پر یقین نہیں آتا اور وہ بار بار پوچھتا ہے کہ ”میری سلیکشن ہوگئی؟“
اعظم خان نے اپنی ٹوئٹ کے کپشن میں لکھا ”افغانستان کے خلاف اسکواڈ میں شامل ہونے پر اس وقت میری کیفیت بالکل ایسی ہے“۔
اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، افتخاراحمد، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر، زمان خان، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر کے مطابق ریزرو کھلاڑیوں میں ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر شامل ہیں۔
افغانستان سے سیریز کے لیے آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان ٹی ٹوئنٹی سیریز 24 مارچ سے شروع ہوگی، سیریز کا دوسرا میچ 26 اور تیسرا 27 مارچ کو کھیلا جائے گا۔