Aaj Logo

شائع 13 مارچ 2023 05:25pm

ملک کے برف پوش پہاڑوں میں سنو فیسٹیول اور جیپ ریلی

دیر بالا میں برف پوش وادی لواری میں سنو فیسٹول کا انعقاد کیاگیا۔ مائنس ٹمپریچر میں والی بال رسہ کشی اور دوڑ کے شاندار مقابلے ہوئے، چترالی میوزک اور آتش بازی نے چار چاند لگادیے۔

دیربالا کے پرفضاء مقام لواری میں سجے ایک روزہ رنگا رنگ سنو فیسٹول میں کھلاڑیوں کے درمیان والی بال رسہ کشی دوڑ اور علاقائی کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر دیربالا گوہر زمان کا کہنا تھا کہ سنو فیسٹول کا مقصد سیاحوں اور مقامی لوگوں کو تفریح فراہم کرنا تھا۔

سنو فیسٹول میں چترالی میوزک اور آتش بازی سے شائقین خوب محظوظ ہوئے، فیسٹول کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے کیا۔

آخر میں سنو فیسٹول میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔دوسری جانب سوات کی برف پوش وادی کالام میں خطرناک جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا ڈرائیوروں نے پُرخطر ٹریک پر کیچڑ اور تالابوں کا پانی اچھالتے ہوٸے منزل مقصود پہنچنے کیلئے خوب دوڑیں لگائیں۔

سوات کی حسین وادی کالام کے برف پوش پہاڑوں کے درمیان رنگین جیپ ریلی پانچ کلو میٹر کے خطرناک ٹریک پر ماہر ڈرائیوروں نے گاڑیاں دوڑائیں۔

سنسنی خیز مقابلے کے بعد فدا نصیب کالامی نے کم وقت میں ٹریک کو عبور کیا اور میلہ اپنے نام کرلیا۔

محمد سعید نے دوسری اور وزیر محمد نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔

پُرخطر جیبپ ریلی میں 45 ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔

ریلی کو دیکھنے کے لئے سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ریلی کے ساتھ ساتھ خوبصورت نظاروں کو انجوائے کیا۔

کالام میں ہر سال سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے جیپ ریلی کا میدان سجایا جاتا ہے، تاکہ سیاحوں کو علاقے کی سیاحت کے لیے راغب کیا جا سکے۔

Read Comments