مسلم لیگ ن کی سینیئرنائب صدرمریم نوازنے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کیلئے واضح کیا ہے کہ انہیں الزام کا جواب دینا پڑے گا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے گزشتہ روز مریم نوازکی جانب سے توشہ خانے سے گھڑی لینے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب انہیں طلب کرے، 2 کروڑ روپے کی گھڑی 10 لاکھ میں ایک عام شہری کوکیسے دے دی گئی؟۔
فواد چوہدری کی اس ٹویٹ کی وجہ ایڈووکیٹ عبدالغفار نامی صارف کی ٹویٹ بنی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کوئی سرکاری عہدہ نہ ہوتے ہوئے بھی مریم نوازنے توشہ خانے سے 2 کروڑ کی گھڑی کی ویلیو 10 لاکھ کروا کر45 ہزار میں خریدی۔
اس ٹویٹ کے جواب میں مریم اپنے پولیٹکل سیکریٹری ذیشان ملک کو پی ٹی آئی رہنما کیخلاف شکایت درج کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پروپیگنڈا کرنے پرایف آئی اے سائبرکرائم اورٹوئٹرکو رپورٹ کریں۔
تاہم گزشتہ رات ایڈووکیٹ ہائیکورٹ خالد حسین تاج کے ہینڈل سے مریم کو بتایا گیا کہ انہوں نے فواد چوہدری کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا مگرایڈووکیٹ عبدالغفار نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی ہے۔
جواب میں مریم نے لکھا، ’ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا اب کام نہیں کرے گا، جواب دینا پڑے گا‘-
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا 2002ء سے 2023ء تک کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ گزشتہ روز سرکاری ویب سائٹ پرجاری کیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کی سرکاری ویب سائٹ پراپ لوڈ کیے جانے والے اس ریکارڈ کے مطابق تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزراء اعظم، وفاقی وزراء اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔