وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گری ہوئی باتوں کا سخت قانونی جواب دیں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے اپنے شہر میں روایتی کھیلوں کو دیکھا اور لطف اندوز ہوئے، ان کھیلوں کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جانا چاہئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں میں انٹرٹیمنٹ کی کمی کو دور کریں گے، کھیلوں کے فروغ کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ انتخابات کی طرح مردم شماری بھی ضروری ہے، 2017 کی مردم شماری پر صرف صوبہ سندھ نے اعتراض کیا، ہمارا مؤقف ہے 2017 کی طرح مردم شماری نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں سب محبت اور بھائی چارے سے رہ رہے ہیں، سندھ دھرتی صوفیا کرام کے درس کے مطابق ہے، کوئی پر امن احتجاج کرنا چاہے تو اس کی اجازت ہے، اخلاق سے گری ہوئی بات نہیں کرنے دیں گے، گری ہوئی باتوں کا سخت قانونی جواب دیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 2008 کے بعد کراچی گیمز منعقد نہیں ہو سکے تھے، کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کراچی گیمز میں 42 گیمز کا انعقاد کیا گیا، جس کا آخری دن ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت سیاست کے متحمل نہیں ہوسکتے، عمران خان معاشی بحران چھوڑکر گئے، ان کی پیداکردہ نفرتوں سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، ہم مشکل دور سے گزر رہے ہیں، آج مشکل ترین فیصلے ہو رہے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو سندھ ترقی کرے گا، اور سندھ کی ترقی میں پاکستان کی ترقی ہے۔