خوشیوں کے تہوار ہولی پرسب ایک دوسرے کو رنگ لگا خوشی کا اظہارکرتے ہیں لیکن بھارت میں آنیوالی غیرملکی خاتون سیاح رنگ لگ جانے پرناراض ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکوں کا ایک ہجوم ایک جاپانی لڑکی کو پکڑ کرذبردستی اس پر رنگ لگا رہے ہیں، اس دوران کچھ اور لڑکے بھی وہاں پہنچ جاتے ہیں جو خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے لگتے ہیں۔
رنگ لگانے کی ویڈیو شئیر کرنیوالے صارف نے مطالبہ کیا ہے کہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہونے چاہئے جوغیرملکی خاتون سیاح کو ہراساں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ہندی میں جملہ بولا جاتا ہی کہ ”بُرا نہ مانو ہولی ہے“ لیکن ہولی میں رنگوں سے کھیلنے کا لطف تب ہی آتا ہے جب رنگ محبت کے ساتھ لگائے جائیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لڑکی جاپان سے پہلی بار ہولی کھیلنے کے لیے بھارت آئی تھی۔
دہلی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ سواتی مالیوال نے اس واقعے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی پولیس کو واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے نوٹس جاری کر رہی ہیں۔
خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق دہلی پولیس نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خاتون کی جانب سے ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ خاتون کی تفصیلات کے لیے سفارتخانے کو ای میل بھیجی ہے جبکہ ویڈیو میں نظر آنیوالے لڑکوں کی معلومات بھی جمع کی جارہی ہیں۔