وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حجاب پر پابندی اور توہین مذہب سنگین مسئلہ ہے۔
نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف سیشن کا انعقاد خوش آئند ہے، اسلام ترقی پسند مذہب ہے جو خواتین کو حقوق دیتا ہے، عورتوں کو اسلام میں اہم مقام حاصل ہے، لہٰذا عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے لئے آواز اٹھانی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق سے متعلق مسلم دنیا کا مؤقف یکساں ہے، اسلام میں خواتین کو دیگر مذاہب سے پہلے اور زیادہ حقوق دیئے، البتہ پاکستان میں خواتین کو مکمل حقوق حاصل ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔
مقبوضہ کشمیر اور فلسطین وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے میں یکسانیت ہے، یہ مسئلہ سلامتی کونسل میں حل طلب ہے، دونوں جگہوں کے عوام حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
سعودی ایران تعلقات کی بحالی پر بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب میں تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، دونوں ممالک کو اپنے تعلقات ازسرنو بحال کرنے چاہئیں۔
اس سے قبل نیویارک میں اسلاموفوبیا سے نمٹنےکے لئے عالمی دن کی یادگاری تقریب کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلاموفوبیا آج کے دور کا ایک اہم مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آمن اور رواداری کا دین ہے، 9/11 کے بعد دنیا میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہوا جس سے نمٹنے کے لئے مل کر اقدامات کرنے ہوں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا میں منظم انداز میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی گئی، فاشسٹ پالیسیوں سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا جب کہ حجاب پر پابندی اور توہین مذہب سنگین مسئلہ ہے، البتہ کرائسٹ چرچ جیسے واقعات سے معلوم ہوا اسلاموفوبیا دنیا میں پھیل رہا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، دنیا میں مسلمانوں کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے، لہٰذا اقوام عالم کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے متحد ہونا ہوگا۔