پنجاب کے شہر علی پور میں گھریلو جھگڑے کے بعد ایک شخص نے تین سالہ بیٹی کو جسم سے باندھ کر نہر میں چھلانگ لگا دی۔
علی پور کے ہیڈ پنجند سے نکلنے والی ابو ظہبی نہر میں ،احمد پور شرقیہ کے رہائشی 53 سالہ شخص نے اپنی 3 سالہ بیٹی کو اپنے جسم سے باندھ کر چھلانگ لگا دی۔
واقعہ کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور ڈوبنے والے شخص اور بچی کی تلاش شروع کردی۔
ڈوبنے والے شخص کی قیمض اور جوتے نہر کے کنارے سے ملے۔ قمیض کی جیب سے شناختی کارڈ اور وزیٹنگ کارڈ بھی ملا۔
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کرنے والے محمد سلیم احمد پور ایسٹ کا رہائشی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ شخص نے گھریلو ناچاقی سے تنگ اۤکر نہر میں چھلانگ لگائی کیونکہ متاثرہ شخص نے نہر میں کودنے سے پہلے بتایا تھا کہ اس کا اہلیہ سے جھگڑا ہوا ہے۔