لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بناء پر تحریک انصاف کی درخواست نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
حماد اظہر کے وکلاء سکندر سلطان اور ظفر اقبال منگن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنے کے لئے دفعہ 144 کا غیر قانونی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، استدعا ہے عدالت دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دے۔
عدالتی حکم پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد شان گل عدالت پیش ہوئے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے بتایاکہ لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ ایک دن کے لئے کیا گیا تھا، عورت اور حیا مارچ کی وجہ سے کیا گیا نوٹیفکیشن آج واپس لے لیا گیا ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو تحرہری طور پر عدالت میں جواب لکھ کردینے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔