آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا جہاں ان کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کی اس سلسلے میں کوششوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی فلاح اور بھلائی کے لئے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زور دیا۔
آرمی چیف نے مقامی عمائدین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، عوام اور مسلح افواج امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
سید عاصم منیر نے علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر زور دیتے ہوئے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا، آرمی چیف کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ موجود تھے۔